میسورو ، 3؍ مارچ (ایس او نیوز) میسورو ضلع نجنگڈھ تعلقہ کے ستور میں ستور مٹھ کے سربراہ شیوراتری دیشی کیندرا سوامی جی اور نرملانند ناتھ سوامی کے ہاتھوں کرناٹکا اسٹیٹ جرنلسٹ اسوسی ایشن کی دو روزہ کانفرنس کا اغاز جمعہ کو ہوا جس میں پہلے دن ریاست کے وزیراعلیٰ کماراسوامی نے شرکت کی تو دوسرے اور آخری دن ریاست کے سابق وزیراعلیٰ سدرامیا اور یڈی یورپا دونوں ایک ساتھ اسٹیج پر جلوہ آفروز رہے۔
پروگرام کا افتتاح دونوں سوامی جی مشترکہ طور پر چاندی کے برتن پر دستخط کر کے اور ایک پودے کی آبیاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سوامی جی نے کہا کہ موجودہ دور میں دیش کی ترقی اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے میں صحافیوں کے رول کی کافی اہمیت ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو اُن کی ذمہ داریاں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ وہ حقائق کو منظر عام پر لائیں، انہوں نے صحافیوں کو متنبہ کیا کہ اگر صحافیوں نے غلط حقائق کو پیش کیا تو سماج پر اس کے خطرناک اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے نتائج بربادی کے بھی ہوسکتے ہیں۔ اس موقع پر سوامی جی نے رامائن کے ایک واقعہ کی مثال پیش کی کہ کس طرح ایک غلط فہمی کی وجہ سے رام اور سیتا کے رشتوں میں دراڑ پڑگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ غلط حقائق کو پیش کرنے کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہزاروں سال پہلے بھی ان مسائل کا سامنا کیا جاچکا ہے اور موجودہ دورمیں بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ صحافیوں کو چاہئے وہ عوام کو جوڑنے اور ملک کی ترقی کو سامنے رکھیں اور سماج کی بھلائی کے لئے کام کریں۔ سماجی برائیوں کو دور کرنے کی طرف پوری توجہ دیں۔ صحافیوں کو عوام کے بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی جانب خاص توجہ دینے کی طرف بھی سوامی جی توجہ کرائی اور اسے حکومت کے آگے پیش کر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مدد کرنے کی تلقین کی۔
ضلع انچارج وزیر جی ٹی دیوے گوڈا نے اس موقع پر میڈیا ایگزی بیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی نمائش کا اہتمام پہلی مرتبہ کیا جارہا ہے جس کو میسورو کے سینئر صحافی راج شیکھر کو ٹی کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے۔ ایگزی بیشن میں لیٹر پریس پرنٹنگ مشین ، قدیم ریڈیو اور کیمرے ، اور اس کے علاوہ آل انڈیا ریڈیو نے میڈیا کے ذریعے کس طرح اپنے کارناموں کو انجام دیا تھا، اُسے پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ساتھ ہی کارٹون اور تصاویر کے ذریعے حالات حاضرہ کی خوبصورت انداز میں عکاسی کرنے کی بھی کوشش کی گئی تھی ۔
انڈین فیڈریشن آف ورکنگ جرنلسٹ کے صدر شیو انند اناگدور، رکن اسمبلی اے ایچ وشواناتھ ، ڈی سی سی بینگ کے صدر جی ڈی ہریش گوڈا ، رکن اسمبلی ڈاکٹر یتیندرا، ایم ایل سی رمیش بابو ، میسورو ہوٹلس اونرس اسوسی ایشن کے صدر شری سی نارائن گوڈا، میسورو ڈسٹرکٹ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر سی کے مہیندرا ، نائب صدر سبرامنیا ، جنرل سکریٹری لوکیش بابو اور دوسری کئی معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے ہزار سے زائد صحافیوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی ۔ کانفرنس میں کنڑا کے مشہور شاعر ناڈو جا ڈاکٹر پاٹل پٹپا ، وظیفہ یاب صحافی ہبلی اور جنگ آزادی کے مجاہد ایچ ایس دورے سوامی کو تہنیت پیش کی گئی۔